28ویں آئینی ترمیم فوری لانے کا مطالبہ، اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں: ایم کیو ایم

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر 28ویں آئینی ترمیم پارلیمان میں پیش کی جائے تاکہ مقامی حکومتوں کو بااختیار بنایا جا سکے۔

سعودی عرب نے ایران جنگ کی حمایت کی خبروں کو مسترد کر دیا

مرکز بہادرآباد میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ملک ایک نازک دور سے گزر رہا ہے اور “جنگ دروازے پر دستک دے رہی ہے”، ایسے میں صرف فوج نہیں بلکہ پوری قوم کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی اب ناگزیر ہو چکی ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 140-A کو عملی طور پر نافذ کریں، کیونکہ جب تک بلدیاتی نمائندے بااختیار نہیں ہوں گے، ملک میں پائیدار استحکام ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موروثی سیاست اور جاگیردارانہ نظام اختیارات کی منتقلی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

اس موقع پر سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال میں 28ویں آئینی ترمیم ملکی اسٹریٹیجک اور معاشی تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پورا نظام صرف چند وزرائے اعلیٰ کے گرد گھوم رہا ہے جبکہ ملک کے سینکڑوں شہر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر اختیارات دینا ہوں گے اور بااختیار بلدیاتی نظام کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کراچی اسٹریٹجک ڈیولپمنٹ پلان پر فوری عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

پریس کانفرنس میں دیگر رہنماؤں نے بھی اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مفاد میں متحد ہو کر بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ملک کو موجودہ معاشی و سیاسی بحران سے نکالا جا سکے۔

WhatsApp Image 2026 03 25 at 6.10.45 PM WhatsApp Image 2026 03 25 at 6.10.46 PM WhatsApp Image 2026 03 25 at 6.10.46 PM 1 WhatsApp Image 2026 03 25 at 6.10.46 PM 2 WhatsApp Image 2026 03 25 at 6.10.47 PM 1 WhatsApp Image 2026 03 25 at 6.10.47 PM 2

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!