کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے یومِ پاکستان کے موقع پر بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دے کر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دینا ہوگی کیونکہ یہی اصول بانیٔ پاکستان کی قیادت کا خاصہ تھا۔
یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کی قراردادِ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی اجتماعی آواز تھی، جس کے نتیجے میں ایک آزاد مملکت کا قیام ممکن ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک عظیم رہنما تھے جنہوں نے اپنی بصیرت اور قیادت سے قوم کو متحد کیا اور ایک مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھی۔
مرتضیٰ وہاب نے زور دیا کہ یومِ پاکستان ہمیں اتحاد، قربانی اور قومی یکجہتی کا درس دیتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہم باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیوں کا ثمر ہے اور اس کی حفاظت اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
میئر کراچی نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں 100 ارب روپے سے زائد کے منصوبوں پر کام جاری ہے، جنہیں شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبہ شہر میں پانی کی قلت کے مسئلے کے حل کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا جبکہ دیگر منصوبے بھی تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے کھیلوں کے میدان، پارکس اور پلے گراؤنڈز تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے۔
مرتضیٰ وہاب نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن کے قیام کے لیے سکیورٹی اداروں اور عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اس مقصد کے لیے متحد ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان مکمل طور پر امن و استحکام کا گہوارہ بن جائے گا۔
