پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریشم ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں، اس بار ان کے عید سے متعلق دیے گئے بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔
شیری رحمان کی بیٹی کے انتقال پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا اظہارِ تعزیت
ریشم نے اپنے کیریئر کا آغاز پاکستان ٹیلی وژن سے کیا اور بعد ازاں فلمی دنیا میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ وہ اپنی اداکاری، انداز اور فیشن سینس کے باعث مداحوں میں خاصی مقبول رہی ہیں اور بعد میں فلمی معیار میں کمی کے باعث دوبارہ ٹیلی وژن کی جانب لوٹیں جہاں انہوں نے کامیابیاں سمیٹیں۔
حال ہی میں ایک بیان میں اداکارہ نے کہا کہ وہ اس وقت عید نہیں مناتیں جب ان کے اردگرد لوگ خوشی نہ منا رہے ہوں۔ ان کے مطابق عالمی سطح پر جاری جنگیں، تباہی اور عوامی مشکلات ان کی ذاتی خوشیوں پر بھی اثر انداز ہوتی ہیں، اسی لیے وہ عید کی روایتی خوشیوں میں مکمل طور پر شریک نہیں ہوتیں۔
ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آئی ہیں۔ کچھ صارفین نے ریشم کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں خوشیاں منانا واقعی مشکل ہو جاتا ہے، جبکہ دیگر نے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ عید ایک مذہبی تہوار ہے جسے ہر حال میں منانا چاہیے۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف نے لکھا کہ عید اللہ کا تحفہ ہے اور اسے ضرور منانا چاہیے، جبکہ ایک اور صارف نے طنزیہ تبصرہ کیا۔ کچھ صارفین نے ریشم کے جذبات کو سراہتے ہوئے ان کے مؤقف کو انسانی ہمدردی کا اظہار قرار دیا۔
ریشم کا یہ بیان جہاں ایک طبقے کے لیے قابلِ فہم ہے وہیں کچھ لوگوں کے لیے یہ ایک متنازع نقطہ نظر بن گیا ہے، جس پر بحث کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
