کراچی (اسٹاف رپورٹر) – ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے اسٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تھانہ گلشنِ اقبال کی حدود میں موٹر سائیکل لفٹنگ اور دیگر وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
امریکا اور ایران میں بالواسطہ رابطے جاری، ثالث ممالک متحرک
پولیس کے مطابق کارروائی راشد منہاس روڈ کے قریب دورانِ گشت عمل میں لائی گئی، جہاں مشکوک سرگرمیوں پر دو افراد کو حراست میں لے کر تلاشی لی گئی۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی، جس کی جانچ پڑتال پر معلوم ہوا کہ موٹر سائیکل نمبری KNZ-0286 تھانہ کورنگی کے علاقے سے چوری شدہ ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد عثمان ولد محمد صادق اور عزیر ولد عزیز الرحمن کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ملزم عثمان عادی جرائم پیشہ ہے اور اس سے قبل بھی موٹر سائیکل لفٹنگ کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔
پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ان سے دیگر وارداتوں کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

