پاکستان (اسٹاف رپورٹر) – ملک بھر میں عیدالفطر آج مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے، جہاں چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کے ہزاروں اجتماعات منعقد ہوئے۔ ان اجتماعات میں امت مسلمہ کی سلامتی، ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
علی لاریجانی کی شہادت ایران کیلئے بڑا سانحہ قرار
نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد شہریوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارکباد دی اور خوشیاں بانٹیں۔ مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے جہاں لوگوں نے بھائی چارے اور محبت کا اظہار کیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عیدالفطر کی مرکزی نماز فیصل مسجد میں ادا کی گئی، جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اسی طرح لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد اور کراچی کی مختلف مساجد میں بھی بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے نوابشاہ میں زرداری ہاؤس میں نمازِ عید ادا کی اور ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے دعائیں کیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں نمازِ عید ادا کی اور اس کے بعد شہریوں سے گھل مل گئے، عید ملی اور مصافحہ کیا۔
گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی نے گورنر ہاؤس میں نمازِ عید ادا کی، جبکہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے راولپنڈی میں نماز ادا کی۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے عید الخیل میں نمازِ عید کی امامت کی۔
ملک بھر میں عیدالفطر کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ شہری پرامن ماحول میں اپنی خوشیاں منا سکیں۔
