سندھ حکومت کی کفایت شعاری پالیسی، 60 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) – سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے مختلف سرکاری محکموں کی 60 فیصد گاڑیاں گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ نافذ کر دیا ہے، جس کا مقصد حکومتی اخراجات میں کمی اور وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کے مطابق صوبے کے 47 سے زائد محکموں میں موجود مجموعی طور پر 2837 سرکاری گاڑیوں میں سے 1524 گاڑیاں گراؤنڈ کر دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا دائرہ صحت، خزانہ، اسکول ایجوکیشن، انرجی اور اینٹی کرپشن سمیت متعدد اہم محکموں تک پھیلا ہوا ہے۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ بعض محکموں میں گاڑیوں کو گراؤنڈ کرنے کی شرح 65 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی ہے، جبکہ انٹر پروونشل کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ میں تمام سرکاری گاڑیاں مکمل طور پر گراؤنڈ کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بڑھتے ہوئے ایندھن کے اخراجات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ حکومتی وسائل پر بوجھ کم کیا جا سکے۔ اس اقدام کے تحت نہ صرف توانائی کی کھپت میں کمی آئے گی بلکہ سرکاری اخراجات میں بھی نمایاں کمی ممکن ہوگی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ملکی مفاد میں کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کر رہی ہے اور تمام محکموں کو اس پالیسی پر مکمل عمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے ایندھن کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت متوقع ہے، جو دیگر ترقیاتی منصوبوں میں استعمال کی جا سکے گی۔

شرجیل میمن نے واضح کیا کہ ضرورت کے مطابق اہم اور ہنگامی نوعیت کی گاڑیاں بدستور استعمال میں رہیں گی تاکہ سرکاری امور کی انجام دہی متاثر نہ ہو۔

2 thoughts on “سندھ حکومت کی کفایت شعاری پالیسی، 60 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!