کراچی (اسٹاف رپورٹر) – ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے علی الصبح تھانہ محمود آباد کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ منشیات فروش کو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی ٹی پی ٹو کے قریب گشت کے دوران عمل میں آئی۔
آئی جی سندھ کا شہداء پولیس کے گھروں کا دورہ، عیدی اور تحائف
پولیس حکام کے مطابق ملزم کار میں سوار ہو کر بھاری مقدار میں منشیات، خصوصاً چرس، شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ گشت پر مامور پولیس ٹیم نے مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزم نے رکنے کے بجائے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ملزم زخمی ہو گیا اور اسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت محمد ذیشان عرف سلمان کے نام سے ہوئی ہے، جو ماضی میں بھی جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث رہ چکا ہے۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک غیر قانونی پسٹل بمعہ ایمونیشن اور تقریباً دو کلو چرس برآمد کر لی ہے۔ اس کے علاوہ منشیات کی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی ضابطے کے تحت تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے تاکہ اس کے نیٹ ورک اور دیگر ساتھیوں تک پہنچا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر میں منشیات کے خاتمے کے لیے ایسے آپریشنز جاری رہیں گے اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

