کراچی میں بارش کے بعد 19 اموات، وزیراعلیٰ کا ہنگامی جائزہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) – وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر میں 18 مارچ کی شب آنے والی شدید آندھی اور موسلادھار بارش کے بعد انتظامی اقدامات اور ریسکیو سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ مکمل بحالی تک فیلڈ میں موجود رہیں اور امدادی کام جاری رکھیں۔

پاکستان میں تشدد برداشت نہیں ہوگا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں کمشنر کراچی حسن نقوی اور ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بارش اور آندھی کا سلسلہ شام 7 بجے سے رات 12 بجے تک جاری رہا، جس کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 2 سے 25 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔

کمشنر کراچی نے بریفنگ میں بتایا کہ مختلف حادثات کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوئے، جن میں ضلع کیماڑی کے علاقے بلدیہ میں سب سے زیادہ 13 اموات رپورٹ ہوئیں۔ طوفانی ہواؤں کے باعث درخت گرنے، سائن بورڈز گرنے اور عمارتوں کو نقصان پہنچنے کے متعدد واقعات بھی پیش آئے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں اور ہنگامی سروسز نے فوری طور پر ریسکیو اور کلیئرنس آپریشن شروع کیا، جس کے نتیجے میں اہم شاہراہوں سے گرے ہوئے درخت، سائن بورڈز اور دیگر رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے بریفنگ میں بتایا کہ شہر میں کہیں بھی بڑے پیمانے پر ٹریفک جام کی صورتحال رپورٹ نہیں ہوئی، جبکہ ٹریفک پولیس کی موبائل مکینیکل ورکشاپس کو مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا تاکہ پھنسے ہوئے شہریوں کی مدد کی جا سکے اور خراب گاڑیوں کو فوری طور پر ہٹایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت دی اور کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز، ٹریفک پولیس کراچی، ضلعی انتظامیہ اور کے الیکٹرک سمیت مختلف اداروں نے مشترکہ طور پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے۔

حکام کے مطابق کلب روڈ، کلفٹن، راشد منہاس روڈ، ایم ٹی خان روڈ، شاہراہ فیصل، کورٹ روڈ، نیشنل ہائی وے اور سہراب گوٹھ سمیت مختلف علاقوں میں گرے ہوئے درختوں اور ملبے کو ہٹا کر ٹریفک بحال کی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تمام اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ متاثرہ علاقوں کی مکمل صفائی، نکاسی آب اور معمولات زندگی کی بحالی تک کام جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر مشکل گھڑی میں شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

آخر میں وزیراعلیٰ نے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو سراہتے ہوئے مستقبل میں موسمی شدت سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

One thought on “کراچی میں بارش کے بعد 19 اموات، وزیراعلیٰ کا ہنگامی جائزہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!