محکمہ موسمیات نے شہر میں ہونے والی حالیہ بارش کے تفصیلی اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق مختلف علاقوں میں بارش کی شدت مختلف رہی جبکہ کیماڑی میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔
لاہور کے تاریخی نام اور ورثہ بحال کرنے کا فیصلہ
محکمہ موسمیات کے مطابق کیماڑی میں 8.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو شہر میں ہونے والی بارش کی سب سے زیادہ مقدار ہے۔ اس کے بعد سرجانی ٹاؤن میں 4.5 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ دیگر علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارش ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق پی اے ایف فیصل بیس اور یونیورسٹی روڈ پر 2،2 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ ایم نائن موٹر وے کے اطراف 2.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح گلشن حدید میں بھی 2 ملی میٹر بارش نوٹ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جناح ٹرمینل پر 1.8 ملی میٹر اور اولڈ ایریا ایئرپورٹ پر 1.4 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ پی اے ایف مسرور بیس میں ڈیڑھ ملی میٹر اور ناظم آباد میں 1.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ڈی ایچ اے فیز 2 میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے، تاہم بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔ ماہرین کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیر اثر بارش کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہ سکتا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
