پیٹرولیم سپلائی مستحکم، ذخائر وافر: وزیر خزانہ

اسلام آباد: محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرول پرائسز مانیٹرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، سپلائی اور ذخائر کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

بلوچستان: بی ایل اے کی خاتون خودکش بمبار گرفتار، بڑا دہشتگردی منصوبہ ناکام

اجلاس کے دوران وزارت خزانہ پاکستان اور پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ عالمی سطح پر جاری بحران اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی مستحکم ہے اور ملک میں فی الحال ایندھن کے وافر ذخائر موجود ہیں۔

حکام کے مطابق ملک میں ڈیزل کے ذخائر تقریباً 24 دن کے لیے کافی ہیں جبکہ پیٹرول کی سپلائی بھی تسلی بخش سطح پر برقرار ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک آئل کارگو کراچی پہنچ چکا ہے جبکہ دوسرا جلد پہنچنے والا ہے۔ مزید برآں مارچ اور اپریل کے لیے اضافی آئل شپمنٹس کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل دباؤ برقرار ہے، جس کے باعث درآمدی اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق ایل سیز (Letters of Credit) کے بڑھتے سائز کی وجہ سے درآمدی عمل میں مشکلات کا سامنا ہے۔

محمد اورنگزیب نے بینکوں اور درآمد کنندگان کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ہدایت دیتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر بینکوں کو سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔ اعلامیے کے مطابق ضرورت پڑنے پر مشترکہ فنانسنگ کے آپشن پر بھی غور کیا گیا ہے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ حالیہ دنوں میں ملک میں ایندھن کی طلب میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے پیش نظر ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے سخت نگرانی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

وزارت پیٹرولیم نے یقین دہانی کرائی کہ عید اور فصلوں کی کٹائی کے دوران بھی ایندھن کی بلا تعطل فراہمی جاری رہے گی اور آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اس سلسلے میں مکمل طور پر تیار ہیں۔

اجلاس میں ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ایندھن کی نگرانی کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا اور تمام متعلقہ اداروں کو بروقت ڈیٹا شیئرنگ یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔

وزیر خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت متبادل ممالک سے تیل کی سپلائی بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ توانائی کے شعبے میں سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ملک میں ایندھن کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

One thought on “پیٹرولیم سپلائی مستحکم، ذخائر وافر: وزیر خزانہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!