بلوچستان: بی ایل اے کی خاتون خودکش بمبار گرفتار، بڑا دہشتگردی منصوبہ ناکام

بلوچستان: سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے تعلق رکھنے والی خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کر لیا، جس کے نتیجے میں ایک ممکنہ بڑے دہشتگرد حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔

اڈیالہ جیل: بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل ٹیم پہنچ گئی

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے گرفتار خاتون بمبار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے قیمتی انسانی جانیں بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کے اہلکار مبارکباد کے مستحق ہیں اور بلوچستان کے عوام اب دہشتگردی کو مسترد کر چکے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچ عوام غیرت مند ہیں اور انہیں ایک لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، تاہم اب عوام خود حکومت کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور حساس معلومات فراہم کر رہے ہیں، جس سے دہشتگردی کے خاتمے میں مدد مل رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگرد تنظیمیں بلوچ خواتین کا استحصال کر رہی ہیں اور انہیں گمراہ کر کے خودکش حملوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق "بلوچیت” کے نام پر نوجوانوں اور خواتین کو ورغلایا جا رہا ہے، جو نہایت تشویشناک امر ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے افغانستان کو دہشتگردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف سرگرم عناصر کو وہاں تربیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ہزار سے زائد دہشتگردوں کو تربیت فراہم کیے جانے کے شواہد موجود ہیں، تاہم ریاست اپنی رٹ قائم کرنا جانتی ہے اور دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اس موقع پر گرفتار خاتون خودکش بمبار لائبہ نے انکشاف کیا کہ اس کا تعلق ضلع خضدار سے ہے اور اسے خودکش حملے کے لیے ذہنی طور پر تیار کیا گیا تھا۔ اس نے بتایا کہ کمانڈر ابراہیم نے اس کی برین واشنگ کی اور اسے مشن پر بھیجنے کی تیاری مکمل کی گئی تھی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔

خاتون نے دیگر خواتین سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں اور ایسے عناصر سے دور رہیں جو انہیں گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

حکام کے مطابق اس کامیاب کارروائی سے نہ صرف ایک بڑا دہشتگرد منصوبہ ناکام ہوا بلکہ یہ بھی ثابت ہوا کہ ریاستی ادارے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں اور عوام کے تعاون سے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔

One thought on “بلوچستان: بی ایل اے کی خاتون خودکش بمبار گرفتار، بڑا دہشتگردی منصوبہ ناکام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!