کراچی میں وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت کابینہ کی سب کمیٹی برائے فنانس کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزراء ضیاء لنجار، سعید غنی اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز نے بھی شرکت کی۔
کراچی: ایف آئی اے نے غیر قانونی یورپ جانے والا مسافر گرفتار
اجلاس میں مختلف اہم منصوبوں کے لیے فنڈز کی منظوری دی گئی، جن میں اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز کے تحت 35 ویں نیشنل گیمز 2025 کے لیے مالی معاونت شامل ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے ایمرجنسی فلڈ اسسٹنس کمپوننٹ میں ترمیم اور فنڈز کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں تھر انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فیز ٹو کے قیام اور یونیورسٹی میں فیس معافی کے باعث واجبات کی اداٸیگی کی منظوری بھی دی گئی۔ نان اے ڈی پی اسکیمز اور یونین کونسلز کے ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کی منظوری بھی اجلاس میں شامل رہی، جبکہ سکھر میں نان اے ڈی پی اسکیموں کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فنانس کمیٹی کا مقصد صوبائی اداروں کے منصوبوں کے مالی مسائل کو دور کرنا ہے اور فنڈز کی منظوری اراکین کی باہمی مشاورت سے کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانونی تقاضے پورے نہ کرنے والے منصوبوں کے فنڈز کی منظوری اگلے اجلاس تک موخر کردی گئی ہے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو بروقت سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
