کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سندھ نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔
کراچی میں ملاوٹ شدہ دودھ کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملیر کے علاقے میں حساس اداروں کے ساتھ مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ملزم احسان اللہ کو حراست میں لیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد کیا گیا جسے مبینہ طور پر دہشت گردی کی کارروائی میں استعمال کیا جانا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزم کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے اور اسے فورسز پر حملے کے لیے ہینڈ گرنیڈ فراہم کیا گیا تھا۔ سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہر میں ممکنہ بڑی دہشت گردی کی منصوبہ بندی کو ناکام بنا دیا۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزم کے تانے بانے پڑوسی ملک سے ملتے ہیں اور اس حوالے سے مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف ایکسپلوزیو سبسٹنس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ اس سے مزید تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔

