کراچی کے ضلع ملیر میں انویسٹیگیشن ونگ نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اغواء ہونے والی چھ ماہ کی بچی کو بحفاظت بازیاب کرلیا جبکہ واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی ایس ایس پی انویسٹیگیشن ضلع ملیر ماجدہ پروین ہالیپوٹو (پی ایس پی) کی سربراہی میں عمل میں لائی گئی۔
بغدادی پولیس کی کارروائی، گٹکا/ماوا سپلائرز اور جواری گرفتار
تفصیلات کے مطابق تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں چھ ماہ کی بچی زہرا دختر غلام حسین کے اغواء کا مقدمہ الزام نمبر 367/26 بجرم دفعہ 364-A اور 34 تعزیرات پاکستان کے تحت مدعی غلام حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ درج ہونے کے فوراً بعد ایس ایس پی انویسٹیگیشن ضلع ملیر نے بچی کی فوری بازیابی اور ملزم کی گرفتاری کے لیے انچارج تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن کی سربراہی میں خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی۔
پولیس کے مطابق تفتیشی ٹیم نے اغواء کار کی گرفتاری اور بچی کی بازیابی کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور تکنیکی شواہد کے ساتھ ساتھ ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا۔ دوران تفتیش حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے مقدمے میں ملوث ملزم غلام مصطفی کو گرفتار کرلیا گیا۔
مزید تفتیش کے دوران پولیس ٹیم نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے سندھ اور بلوچستان کی سرحد کے قریب جیکب آباد کے علاقے سے چھ ماہ کی بچی زہرا کو بحفاظت بازیاب کرلیا۔ پولیس حکام کے مطابق بچی کو بحفاظت والدین کے حوالے کرنے کے لیے قانونی کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔
بچی کے والدین نے بروقت کارروائی اور بچی کی محفوظ بازیابی پر ایس ایس پی انویسٹیگیشن ملیر اور تفتیشی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق واقعے میں ملوث ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش بھی کی جارہی ہے۔
