یومِ علیؑ اور یومِ قدس کیلئے سندھ بھر میں سخت سیکیورٹی کا فیصلہ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں یومِ علیؑ، یومِ قدس اور جمعۃ الوداع کے موقع پر سیکیورٹی اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے بھر میں جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے لیے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کے جان و مال کا مکمل تحفظ کیا جا سکے۔

سولجر بازار میں کارروائی، گٹکا ماوا فروشی میں ملوث تین ملزمان گرفتار

وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، ضیاء الحسن لنجار اور ریاض شاہ شیرازی کے علاوہ چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، انسپکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو اور سی ٹی ڈی کے ایڈیشنل آئی جی ذوالفقار لاڑک سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 21 رمضان المبارک (11 مارچ) کو یومِ علیؑ جبکہ 13 مارچ کو یومِ قدس اور جمعۃ الوداع کے موقع پر صوبے بھر میں جامع سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سندھ کے مختلف ڈویژنز میں مجموعی طور پر 22 ہزار 304 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جن میں کراچی میں 7 ہزار 908، حیدرآباد میں 2 ہزار 317، میرپورخاص میں 392، شہید بینظیرآباد میں 1 ہزار 788، لاڑکانہ میں 6 ہزار 757 اور سکھر میں 3 ہزار 142 اہلکار شامل ہوں گے۔

سیکیورٹی پلان کے تحت 8 ہزار 426 اہلکار اسٹیٹک ڈیوٹی، 3 ہزار 942 پکٹ ڈیوٹی، 3 ہزار 164 موبائل گشت اور 1 ہزار 488 موٹر سائیکل گشت پر تعینات ہوں گے جبکہ اضافی ریزرو فورس بھی الرٹ رہے گی۔ پولیس گشت اور فوری ردعمل کے لیے 750 موبائل گاڑیاں اور 764 موٹر سائیکلیں استعمال کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کراچی میں جلوسوں کے راستوں اور اہم مقامات کا تفصیلی سروے مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ حساس مقامات پر اضافی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ جلوسوں کے راستوں پر شہری انفراسٹرکچر کی مرمت، ملحقہ عمارتوں کی کلیئرنس اور حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حساس علاقوں میں کومبنگ آپریشنز اور انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں تیز کر دی ہیں جبکہ فلیگ مارچ، اسنیپ چیکنگ اور نگرانی کے عمل کو بھی مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ نگرانی کے لیے اسمارٹ آئی، آر او پی ای اور ٹی آر ایس سرویلنس سسٹمز استعمال کیے جائیں گے جبکہ اسپیشل برانچ ایئرپورٹس، بس ٹرمینلز اور ریلوے اسٹیشنز پر بھی سخت نگرانی رکھے گی۔

ریسکیو اداروں نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اور انخلا کے منصوبوں کو حتمی شکل دے دی ہے تاکہ فوری اور مؤثر ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت دی کہ جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر سیکیورٹی اور نگرانی کو مزید مضبوط بنایا جائے جبکہ تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے آئی جی پولیس کو خصوصی ٹریفک مینجمنٹ پلان تیار کرنے اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کو صفائی ستھرائی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں کیونکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

60 / 100 SEO Score

One thought on “یومِ علیؑ اور یومِ قدس کیلئے سندھ بھر میں سخت سیکیورٹی کا فیصلہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!