نیو کراچی میں مشترکہ کارروائی، بھتہ خوری میں ملوث دو ملزمان گرفتار

کراچی: پاکستان رینجرز سندھ اور اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے نیو کراچی کے علاقے سے بھتہ خوری میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد اریب عرف مشتاق اور مزمل کے نام سے ہوئی ہے۔

کراچی: ناردرن بائی پاس پر مزدا ٹرک اور مسافر بس میں تصادم، دو افراد زخمی

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم محمد اریب عرف مشتاق کا تعلق بھتہ مافیا کے سرغنہ اسامہ جمیل اور عبدالصمد کاٹھیاواڑی کے گروپ سے بتایا جاتا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں مناز عرف مانی اور اصغر کے ساتھ مل کر دکانداروں اور مختلف کاروباری افراد سے بھتہ وصول کرنے میں ملوث رہا ہے۔ پولیس کے مطابق اس کے دونوں ساتھی پہلے ہی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں جبکہ ملزم ان کی گرفتاری کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں روپوش تھا۔

رینجرز حکام کے مطابق گرفتار دوسرا ملزم مزمل بھتہ مافیا کے سرغنہ بہادر پی ایم ٹی کا قریبی ساتھی ہے۔ ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر کاروباری افراد سے بھتہ وصول کرتا تھا اور حاصل ہونے والی رقم حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کرنے میں بھی ملوث تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پاکستان رینجرز سندھ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم کی روک تھام کیلئے ایسے عناصر کے بارے میں فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر اطلاع دیں۔ حکام کے مطابق اطلاع دینے والے کا نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!