چین نے ایران پر ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں کی شدید مخالفت کرتے ہوئے فوری طور پر جنگی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں ہوتے اور خطے میں کشیدگی بڑھنے سے عالمی امن کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 13 دہشتگرد ہلاک
چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ جنگ ہونی ہی نہیں چاہیے تھی کیونکہ طاقت کا استعمال کسی بھی مسئلے کا پائیدار حل نہیں ہوتا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی کے کسی بھی منصوبے کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل نہیں ہو سکی اور اس طرح کے اقدامات خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کر سکتے ہیں۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ تمام ممالک کو ایران اور خلیجی ریاستوں کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ جنگ کے دائرہ کار کو مزید پھیلنے سے روکا جائے اور بڑی طاقتیں اس صورتحال میں کشیدگی کم کرنے کیلئے تعمیری کردار ادا کریں۔
چین نے واضح طور پر ایران پر ہونے والے حملوں کی مخالفت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر جنگی کارروائیاں بند کی جائیں تاکہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
دوسری جانب روس نے بھی ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے فوری طور پر جنگی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی امن کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے تنازع کے حل کیلئے سفارتی راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
