کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے شہر کے علاقے شاہ ٹاؤن فیز تھری میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ابڑو گینگ کے سرغنہ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں منور علی ولد حاجی نذر، عدیل علی ولد اوشاق علی، مظہر علی ولد حاجی نذر اور رضوان علی ولد ندیم احمد شامل ہیں۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی فروری 2026 کی کامیاب کارروائیوں کی رپورٹ جاری
رینجرز ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے دو موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی گئی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں میں اسلحے کے زور پر شہریوں سے موبائل فون اور نقدی چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملزمان شاہ لطیف ٹاؤن، شاہ ٹاؤن، رزاق آباد جوگی موڑ، پیپری، گلشن حدید، قائدآباد اور ملحقہ علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں سرگرم تھے۔ گرفتار ملزم رضوان نہ صرف اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث رہا بلکہ اس پر پاکستان اسٹیل مل سے لوہا اور پیتل چوری کرنے کا بھی الزام ہے۔
رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ زیر حراست ملزمان کو برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ شہریوں کی شناخت کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔
