پیٹرولیم قیمتیں ہفتہ وار کرنے کی تجویز

اسلام آباد: ملک میں بڑھتی ہوئی جیوپولیٹیکل کشیدگی کے پیش نظر وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور توانائی کے استعمال سے متعلق متعدد اہم تجاویز پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارتِ توانائی نے اس حوالے سے تفصیلی ورکنگ تیار کرکے وزیراعظم کو بریفنگ دی ہے جس میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے تعین کے موجودہ نظام میں تبدیلی کی سفارش کی گئی ہے۔

کراچی: ساؤتھ پولیس کا اسلحہ نمائش اور کالے شیشوں کے خلاف کریک ڈاؤن

ذرائع کا کہنا ہے کہ بریفنگ میں تجویز پیش کی گئی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہر پندرہ دن کے بجائے ہفتہ وار بنیادوں پر مقرر کی جائیں تاکہ انہیں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے مطابق فوری طور پر ایڈجسٹ کیا جا سکے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی مارکیٹ کے ساتھ بہتر ہم آہنگی پیدا کرنا اور قیمتوں کے نظام کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اقتصادی ٹیم سے مشاورت کے بعد قیمتوں کے تعین کے نئے طریقہ کار کے بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔ اگر عالمی صورتحال مزید سنگین ہوتی ہے تو حکومت کی جانب سے جلد اہم فیصلہ متوقع ہے۔

دوسری جانب توانائی کی بچت کے لیے بھی متعدد اقدامات زیر غور ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کورونا وبا کے دوران اپنائے گئے طریقہ کار کی طرز پر بعض شعبوں میں آن لائن ورکنگ متعارف کروانے پر غور کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں کارپوریٹ سیکٹر، ٹیلی کام اور آئی ٹی کمپنیوں میں ہفتے میں دو دن گھر سے کام کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے جبکہ سرکاری و نجی دفاتر میں بھی صرف ضروری عملہ رکھنے اور بقیہ ملازمین کو آن لائن کام کرنے کی سہولت دینے پر غور جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت تعلیمی اداروں کے لیے بھی مارچ کے دوران محدود مدت کے لیے آن لائن سیشن شروع کرنے کے امکان کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ توانائی کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔

ادھر وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کے خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں نگرانی کا نظام مزید سخت کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

حکام کے مطابق تمام تجاویز پر مختلف سطحوں پر مشاورت جاری ہے اور حتمی فیصلہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

63 / 100 SEO Score

One thought on “پیٹرولیم قیمتیں ہفتہ وار کرنے کی تجویز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!