جاوید عالم اوڈھو، آئی جی سندھ، کی زیر صدارت ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سندھ کے کچے علاقوں میں جدید پولیس انفراسٹرکچر کے قیام اور آپریشنل صلاحیتوں کو مزید موثر اور مستحکم بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں جاری آپریشن "نجات مہران” کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔
کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل ویسٹ زون میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن
اجلاس میں ڈی آئی جی لاڑکانہ اور سکھر نے شرکاء کو کچے کے مختلف علاقوں میں مجوزہ پولیس بیسز، چوکیوں، واچ ٹاورز اور دیگر تنصیبات کے قیام سے متعلق جامع بریفنگ دی۔ آئی جی سندھ نے آپریشن نجات مہران کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت متاثرہ علاقوں میں منظم منصوبہ بندی کے تحت ترقیاتی کاموں کا آغاز کرے گی۔
جاوید عالم اوڈھو نے زور دیا کہ کچے کے علاقوں کو دائمی طور پر محفوظ بنانے پر مکمل توجہ دی جائے اور پولیس تنصیبات کے قیام کے مقامات کا انتخاب علاقائی ضروریات، آبادی تک مؤثر رسائی اور دیگر اسٹریٹیجک تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا جائے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ کامیاب آپریشن کے بعد نہ صرف سکیورٹی بلکہ مقامی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے بھی متحرک کیے جائیں گے تاکہ کچے کے باشندے مستقل محفوظ ماحول میں زندگی گزار سکیں۔

