آزاد خان، ایڈیشنل آئی جی کراچی، کی زیر صدارت کراچی پولیس آفس میں 4 مارچ 2026 کو یوم علیؓ کے سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فقہ جعفریہ کے علماء کرام، مجالس و جلوس کے منتظمین، زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی، ضلعی ایس ایس پیز اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔
یوم شہادت حضرت علی رضہ کے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل
اجلاس میں یوم علیؓ کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ علماء اور منتظمین نے پولیس کے گزشتہ اقدامات کو سراہتے ہوئے اپنی تجاویز بھی پیش کیں تاکہ جلوس و مجالس پر امن و امان برقرار رہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے ہدایت دی کہ پولیس افسران سول انتظامیہ سے مکمل رابطہ رکھتے ہوئے فول پروف سیکیورٹی فراہم کریں اور علماء کرام کی مؤثر حفاظت یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام انتظامات پیشگی منصوبہ بندی کے مطابق کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا کی گئی۔

