سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 19 ویں سندھ گیمز 16 تا 19 اپریل 2026ء کو سکھر میں منعقد کیے جائیں گے۔ یہ اعلان وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس کے بعد کیا گیا، جس میں سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر، ڈائریکٹر اسد اسحاق، چیف انجنیئر اسلم مہر، سیکشن افسر علی ڈنوگوپانگ اور سندھ اولمپک کے عہدیداران نے شرکت کی۔
گلشن اقبال میں غیرقانونی ایل پی جی فروخت کرنے والا ملزم گرفتار
اجلاس میں سکھر میں سندھ گیمز کے انعقاد اور تھر جیپ ریلی کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر کھیل نے کہا کہ 19 ویں سندھ گیمز میں 40 سے زائد کھیل شامل ہوں گے، جن میں گرلز اور بوائز دونوں صوبے بھر سے حصہ لیں گے۔
ٹرائلز اور کیمپ
وزیر کھیل نے اعلان کیا کہ عید کے فوراً بعد ڈویژنل سطح پر سندھ گیمز کے ٹرائلز 24 تا 29 مارچ تک ہوں گے۔ ٹرائل مکمل ہونے کے بعد کھلاڑیوں کا کیمپ 11 تا 15 اپریل تک لگایا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کی تیاری مکمل ہو اور مقابلے شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر منعقد ہوں۔
افتتاح اور اختتام
سندھ گیمز کا افتتاح 16 اپریل کو جبکہ اختتامی تقریب 19 اپریل کو منعقد ہوگی۔ سردار محمد بخش مہر نے زور دیا کہ تمام کھیلوں کے مقابلے شفافیت کے ساتھ کیے جائیں تاکہ صوبے کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
وزیر کھیل نے مزید کہا کہ حکومت سندھ نیشنل گیمز کی طرح 19 ویں سندھ گیمز کو بھی کامیاب بنائے گی اور صوبے کے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی جاری رہے گی۔
