کراچی، 02 مارچ 2026: سندھ حکومت نے کچے (ریورائن ایریاز) کے علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار اور وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات جام خان شورو کی مشترکہ صدارت میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمشنر اور ڈی آئی جی سکھر/لاڑکانہ نے کچے کے علاقوں کے لیے ترقیاتی تجاویز پیش کیں۔
کراچی: فضائی حدود کی بندش کی افواہیں بے بنیاد
اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی تمام موصولہ تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لے کر حتمی منظوری کے لیے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو پیش کرے گی۔ یہ کمیٹی وزیرِ اعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت ستمبر 2025 میں امن و امان کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں تشکیل دی گئی تھی۔
کمیٹی میں آئی جی سندھ، ڈی رینجرز، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور مختلف محکموں کے سیکریٹریز شامل ہیں۔ تعلیم، صحت، لائیو اسٹاک، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، لوکل گورنمنٹ اور ورکس اینڈ سروسز کے محکمے کچے کے ترقیاتی منصوبے میں شامل ہیں۔
وزیرِ داخلہ سندھ نے کہا کہ تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے ذریعے کچے کے عوام کے معیارِ زندگی کو بلند کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے فیز میں روڈ انفراسٹرکچر اور پولیس انفراسٹرکچر کو ترجیح دی جائے گی تاکہ یہ مضبوط اور پائیدار ہو اور قدرتی آفات کا سامنا کرسکے۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا، "باتوں تک محدود رہنے کے بجائے کام کی رفتار کو تیز کرنا ہوگا، اور کچے کے امن کے بعد بحالی اولین ترجیح ہے۔”
وزیر برائے منصوبہ بندی جام خان شورو نے کہا کہ حکومت سندھ کچے کے بنیادی ڈھانچے اور جغرافیہ کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین انفراسٹرکچرز فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور یہ پہلا عملی قدم ہے۔
یہ منصوبہ کچے کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے اور علاقے کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل سمجھا جا رہا ہے۔
