کراچی: پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا اور بعض میڈیا رپورٹس میں گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے بند نہیں کی گئی ہیں۔
کورنگی ٹیکنیکل ٹیم کی بہترین کارکردگی، ڈی آئی جی ایسٹ کی جانب سے اسناد اور انعامات
ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹم میں بتایا گیا ہے کہ فضائی حدود سے متعلق یہ ایک معمول کی آپریشنل اطلاع ہے، جس میں صرف کراچی اور لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجنز کے مخصوص ائیر ٹریفک سروسز روٹ سیگمنٹس کی عارضی عدم دستیابی کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ بندش 3 مارچ سے 31 مارچ تک مخصوص اوقات میں عارضی طور پر ہوگی، اور یہ عمل صرف آپریشنل وجوہات کی بنا پر نافذ کیا گیا ہے۔
نوٹم میں زور دیا گیا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر دستیاب اور محفوظ ہے، اور تمام سول ایوی ایشن بشمول کمرشل فلائٹس کے لیے بغیر کسی رکاوٹ کے قابل استعمال ہے۔ ائیر ٹریفک کنٹرول میں کسی قسم کی خلل یا رکاوٹ نہیں آئی، جبکہ متاثرہ راستوں کے لیے متبادل روٹس معمول کے مطابق استعمال کیے جا رہے ہیں۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے شہریوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ فضائی حدود کی بندش کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر بھروسہ کریں۔
