وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی صدارت میں اسپیشل انیشی ایٹو فار روڈ ریہیبلیٹیشن کراچی پروگرام کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف ٹی ایم سیز کے زیرِ انتظام 139 سڑکوں کی بحالی کی منظوری دے دی گئی۔
اسٹیل مل سے اسکریپ چوری میں ملوث ملزم گرفتار، بن قاسم پولیس کی کارروائی
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ 13 ارب روپے کی لاگت سے شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کا کام کیا جائے گا، جس کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے ہدایت دی کہ اخبارات میں آج ہی ٹینڈرز جاری کیے جائیں تاکہ جلد از جلد کام کا آغاز ہو اور کراچی کے انفراسٹرکچر میں بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ انہیں سولرائز کر کے اسٹریٹ لائٹس کا بھی بندوبست کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت کراچی کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنا رہی ہے اور اسی سال شہری واضح تبدیلی محسوس کریں گے۔
وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ اور متعلقہ کونسلز فیلڈ میں متحرک ہیں جبکہ سندھ حکومت کے دیگر محکمے بھی انتظامی معاونت کے لیے رابطے میں ہیں، تمام منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کیے جائیں گے۔
اجلاس میں اسپیشل سیکرٹری محکمہ لوکل گورنمنٹ سید اظہر شاہ، ایم ڈی واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی، میونسپل کمشنر کراچی ابرار جعفر، مشیر مالیات گلزار ابڑو سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
