کراچی کے علاقے کلفٹن دہلی کالونی کے قریب ایک عمارت میں آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ ترجمان ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم کو فوری طور پر روانہ کر دیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122 کی ٹیم ایمبولینس اور فائر بریگیڈ ٹرک کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے اور آگ بجھانے کا عمل جاری ہے۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجوہات اور جانی یا مالی نقصان سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
حکام کے مطابق صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے اضافی نفری کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ عمارت کے قریب غیر ضروری طور پر جمع ہونے سے گریز کریں تاکہ امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ نہ آئے۔
