گڈاپ سٹی مقابلہ: لاہور و کراچی میں سنگین وارداتوں میں ملوث ملزم کا تفصیلی کرمنل ریکارڈ منظرعام پر

کراچی (ضلع ملیر پولیس، 25 فروری 2026): گزشتہ شب تھانہ گڈاپ سٹی کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے ملزم راشد کے خلاف پنجاب اور سندھ کے مختلف تھانوں میں درج سنگین نوعیت کے مقدمات کا مکمل کرمنل ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور اس کا تعلق ایک منظم جرائم پیشہ نیٹ ورک سے بتایا جاتا ہے۔

نجات مہران آپریشن کا دباؤ، 8 خطرناک ڈاکو گھوٹکی پولیس کے سامنے سرینڈر

پولیس کے مطابق ملزم راشد اس سے قبل بھی 20 سے زائد مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے اور قتل، ڈکیتی، راہزنی، اسلحہ ایکٹ اور اغواء سمیت مختلف سنگین جرائم میں مطلوب رہا ہے۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں بھی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا، جہاں اس کے خلاف مختلف تھانوں میں ایف آئی آرز درج ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتیں کرنے کے بعد روپوش ہو کر پنجاب منتقل ہو جاتا تھا، تاکہ گرفتاری سے بچ سکے۔ تاہم حالیہ پولیس مقابلے میں اس کی گرفتاری کے بعد اس کے جرائم کا دائرہ کار مزید واضح ہو گیا ہے۔

ملزم کے خلاف درج مقدمات میں تھانہ شاد باغ، بادامی باغ، شفیق آباد، لیاقت آباد، اسلام پور، قائداعظم انڈسٹریل ایریا، مناواں، ہربنس پورہ، اقبال ٹاؤن اور دیگر تھانوں میں قتل، ڈکیتی، راہزنی اور اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمات شامل ہیں۔ علاوہ ازیں کراچی میں بھی اس کے خلاف اسلحہ اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔

پولیس کے مطابق مقابلے کے بعد ملزم کے قبضے سے 2 عدد پستول، ایمونیشن، متعدد موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ برآمد شدہ موٹر سائیکل تھانہ ملیر کینٹ کی حدود سے دورانِ واردات چھینی گئی تھی۔

زخمی ملزم کو طبی امداد کی فراہمی کے بعد مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔

ضلع ملیر پولیس کے ترجمان کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

WhatsApp Image 2026 02 25 at 10.39.45 PM WhatsApp Image 2026 02 25 at 10.39.45 PM 1 WhatsApp Image 2026 02 25 at 10.39.45 PM 2

52 / 100 SEO Score

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!