کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے شہر کے علاقے گلستان کالونی لیاری میں اسنیپ چیکنگ کے دوران ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم محمد اویس قریشی کو گرفتار کرلیا۔
برازیلین سوشل میڈیا انفلوئنسر بیانکا ڈیاس پلاسٹک سرجری کے بعد پیچیدگیوں سے انتقال کر گئیں
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور نقدی رقم برآمد کر لی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم گلستان کالونی لیاری میں ڈکیتی کی کئی وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور واردات کے دوران اسے سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ لیاری یو سی-3 کا کونسلر بھی ہے اور گرفتاری کے خوف سے کچھ عرصہ پنجاب میں روپوش رہا۔ ملزم عادی مجرم ہے اور اس سے قبل بھی رینجرز اور پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔
گرفتار ملزم کو بمعہ برآمد شدہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے مشکوک عناصر کے بارے میں فوری اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں، اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
