کوئٹہ: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) کوئٹہ نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے سب ایجنٹ عرفان کو گرفتار کر لیا، جبکہ کارروائی کے دوران 8 افغان باشندوں کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ سٹی میں 11 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار
حکام کے مطابق گرفتار ملزم انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کا اہم کردار ہے۔ ملزم کے موبائل فون سے واٹس ایپ چیٹس اور دیگر اہم شواہد برآمد ہوئے ہیں، جن سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت سامنے آئے ہیں۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ نیٹ ورک کے مرکزی ملزمان گل بدین اور غمائی فرار ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والا رکشہ بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ایجنٹ کے افغانستان میں موجود سہولت کاروں سے رابطوں کے شواہد ملے ہیں، جن میں تاج محمد اور کامل نامی افراد سے براہ راست روابط کی تصدیق ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
