کراچی (19 فروری 2026) ہیڈکوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے گلستان جوہر کراچی سے باجوڑ کے رہائشی فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب دہشتگرد دوست محمد ولد گل فراز خان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پشاور: کور کمانڈر سے ونٹر انٹرن شپ پروگرام 2026 کے طلبہ کی خصوصی نشست
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم نومبر 2020 میں دیگر فتنہ الخوارج دہشتگرد ساتھیوں کے ساتھ اسسٹنٹ کمشنر نواگئی خیبر پختونخوا پر فائرنگ اور سرکاری مشینری کو نذرِ آتش کرنے میں ملوث تھا، جس کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی مالاکنڈ ریجن میں دہشتگردی کی سنگین دفعات کے تحت درج ہے۔
ملزم واقعے کے بعد کراچی میں روپوش تھا اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ شہر کے حساس مقامات پر دہشتگردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی پولیس خیبر پختونخواہ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کی روک تھام کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر فراہم کریں۔ اطلاع دینے والے کا نام مکمل طور پر صیغہ راز رکھا جائے گا۔
