


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ، سید مراد علی شاہ سے فرانس کے قونصل جنرل الیکسس چاہترنسکی نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاک-فرانس دوطرفہ تعلقات، اقتصادی شراکت داری اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت فرانس کے ساتھ تعلقات کو اعلیٰ ترجیح دیتی ہے اور فرنچ سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ملاقات میں تعلیم، توانائی اور ماحولیاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دینے کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
فرانس کے قونصل جنرل نے بھی دوطرفہ تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع پر مثبت ردعمل دیا۔ اس موقع پر ترجمان وزیراعلیٰ سندھ، عبدالرشید چنا نے ملاقات کی تفصیلات میڈیا کو فراہم کیں۔