پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بیکن ہاؤس پوٹھوہار کیمپس اسلام آباد میں طلبہ و اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کی، جس میں ہائبرڈ وارفیئر، میڈیا لٹریسی اور سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
لورالائی میں ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے 68ویں بیچ کی پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ، 1104 ریکروٹس تربیت مکمل کر کے فورس کا حصہ بن گئے
نشست کے دوران طلبہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں ہائبرڈ وارفیئر صرف میزائلوں اور ٹینکوں سے نہیں بلکہ میڈیا، بیانیے اور ہیش ٹیگز کے ذریعے بھی لڑی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں سوشل میڈیا ایک نئے میدانِ جنگ کے طور پر سامنے آیا، جہاں معلومات اور پروپیگنڈا تیزی سے پھیلتا ہے۔
طلبہ نے اس امر پر زور دیا کہ ایک وائرل ویڈیو یا غیر مصدقہ خبر عوامی رائے کو متاثر کر سکتی ہے، اس لیے نوجوانوں کو ذمہ داری اور شعور کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں اور افواج نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر متحد ہو کر دشمن کے بیانیے کا مؤثر جواب دیا۔
اساتذہ نے سیشن کو معلوماتی اور تفصیلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو کسی بھی خبر یا مواد کو آگے بڑھانے سے قبل اس کی تصدیق کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ پاکستان کے مستقبل کے معمار ہیں، لہٰذا انہیں قومی بیانیے، ڈیجیٹل شعور اور میڈیا لٹریسی سے آگاہی دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
نشست کے اختتام پر قومی یکجہتی، ذمہ دارانہ اظہارِ رائے اور مثبت ڈیجیٹل کردار کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
