فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) کے ٹریننگ سینٹر لورالائی میں 68ویں بیچ (فیز ٹو) کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں 1104 ریکروٹس نے کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کی اور قومی سلامتی کے فریضے کی ادائیگی کے لیے فورس کا باقاعدہ حصہ بن گئے۔
کراچی بچاؤ تحریک کا پریس کلب پر جلسہ، نالہ متاثرین اور گل پلازہ متاثرین کی بحالی کا مطالبہ
تقریب کے مہمانِ خصوصی انسپکٹر جنرل ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ تھے، جنہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا اور کامیاب جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایف سی بلوچستان (نارتھ) ایک باوقار ادارہ ہے جو اپنی پیشہ ورانہ مہارت، قربانیوں اور بہادری کی روشن روایات کے باعث منفرد مقام رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے شامل ہونے والے جوانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دیانت، نظم و ضبط اور عزم کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت انجام دیں۔
پاسنگ آؤٹ تقریب میں نوشکی میں شہید ہونے والے خطیب امشد علی کے والد نواب خان کو بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا۔ شرکاء نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے ہر قربانی دی جائے گی۔
تقریب میں قبائلی عمائدین، مقامی شخصیات، معززین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے ایف سی اور عوام کے درمیان مضبوط روابط اور باہمی اعتماد کی فضا مزید مستحکم ہوئی۔
آخر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کیے گئے اور تقریب قومی جذبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
