کراچی (رپورٹ) — ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے غیر قانونی حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے صدر سے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کی بڑی کارروائی، جعلی مصنوعات فروش گرفتار
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد علی کے نام سے ہوئی ہے جو طویل عرصے سے حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی نیٹ ورک میں سرگرم تھا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 20 لاکھ روپے نقدی برآمد کی گئی۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم سے موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی سے متعلق اہم شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں، جن میں مالی لین دین کا ریکارڈ اور رابطہ نمبرز شامل ہیں۔
ملزم کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اس سے تفتیش جاری ہے۔ حکام کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مالیاتی نیٹ ورکس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
