نئی دہلی (انٹرٹینمنٹ ڈیسک) — چیک باؤنس کیس میں دہلی کی تہاڑ جیل میں قید بالی ووڈ کے معروف اداکار راجپال یادو کی اہلیہ رادھا نے مشکل وقت میں ساتھ دینے پر بالی ووڈ کے ساتھی اداکاروں کی بھرپور تعریف کی ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل آکشن: سیالکوٹ اسٹالینز نے بڑے ناموں کے ساتھ مضبوط اسکواڈ تشکیل دے دیا
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجپال یادو نے چیک باؤنس کیسز کے سلسلے میں تہاڑ جیل حکام کے سامنے سرنڈر کیا تھا۔ وہ شدید مالی مشکلات کے باعث قرض کی رقم ادا کرنے میں ناکام رہے، جس کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا۔
اداکار کی اہلیہ رادھا نے بھارتی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلم انڈسٹری نے بھرپور تعاون کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا:
“سب نے ہمارا ساتھ دیا ہے، ہم ان تمام افراد کے شکر گزار ہیں جو مشکل وقت میں مدد کے لیے آگے آئے ہیں۔”
انہوں نے بتایا کہ راجپال یادو کی ضمانت کی سماعت آج ہوگی اور خاندان پُرامید ہے کہ وہ آج یا جلد ضمانت پر رہا ہو جائیں گے، کیونکہ فلم انڈسٹری کے کئی نمایاں اداکار ان کی حمایت میں سرگرم ہیں۔
راجپال یادو کی مدد کرنے والوں میں سونو سود، میکا سنگھ اور گرمیٹ چوہدری شامل ہیں، جبکہ سلمان خان، اجے دیوگن اور ورون دھون نے بھی ان کے لیے حمایت کا اظہار کیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب راجپال یادو کے ایک جذباتی بیان کی خبر سامنے آئی تھی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ “انڈسٹری میں میرا کوئی دوست نہیں ہے”، جس کے بعد بالی ووڈ کے کئی بڑے نام کھل کر ان کی حمایت میں سامنے آ گئے۔
اداکار سونو سود سب سے پہلے عوامی طور پر راجپال یادو کی مدد کی اپیل کرنے والوں میں شامل تھے، جس کے بعد دیگر اداکاروں نے بھی رابطے شروع کیے۔
راجپال یادو کے مینیجر کے مطابق کئی افراد نے تعاون کی یقین دہانیاں کروائی ہیں، تاہم ایسے مالی معاملات ایک رات میں حل نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ خاندان کو ذہنی طور پر مضبوط رہنا ہوگا، کیونکہ فروری کے بعد گھر میں کئی تقریبات بھی ہیں اور سب چاہتے ہیں کہ راجپال یادو اس سے پہلے رہا ہو جائیں۔ امید ہے کہ وہ جلد رہا ہو جائیں گے۔
چیک باؤنس کیس کی تفصیل:
راجپال یادو کو اس وقت جیل بھیجا گیا جب دہلی ہائی کورٹ نے ان کی وہ درخواست مسترد کر دی، جس میں انہوں نے واجب الادا رقم کی ادائیگی کے لیے مزید وقت مانگا تھا۔ اداکار پر تقریباً 9 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔
یاد رہے کہ اپریل 2018 میں انہیں قرض لینے اور بروقت ادائیگی نہ کرنے پر 6 ماہ قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم فوری ضمانت بھی منظور کر لی گئی تھی۔ بعد ازاں جون 2024 میں ہائی کورٹ نے ان کی سزا کو عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے انہیں تصفیے کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ہدایت دی تھی۔
راجپال یادو نے اپنے کیریئر میں بھول بھلیاں، ہنگامہ، ڈھول، چھپ چھپ کے، پھر ہیرا پھیری، کل ہو نہ ہو سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
