کراچی — ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے سخت احکامات پر شاہین فورس اور تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے اسٹریٹ کریمنلز کے خلاف بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
میری ٹائم سیکیورٹی مشق “سی گارڈ-26” کا کراچی میں اختتام، ڈی بریف سیشن کا انعقاد
پولیس کے مطابق اطلاع موصول ہوئی تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم ملزمان نے قبل صبا سنیما چورنگی کے قریب ایک شہری اشفاق حسن ولد فخر حسن سے اسلحے کے زور پر موبائل فون چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ اطلاع ملتے ہی شاہین فورس اور نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے فوری ناکہ بندی اور کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو سیکٹر 5-G نزد 5 نمبر بس اسٹاپ کے علاقے سے گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت:
1۔ عرفان ولد عبدالمجید (عمر 22 سال)
2۔ جان شیر ولد عبدالعزیز (عمر 34 سال)
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 عدد 30 بور پسٹل بمعہ لوڈ میگزین، 5 راؤنڈ زندہ کارتوس، ایک پرس جس میں 5 ہزار روپے نقدی، شہری اشفاق حسن کا شناختی کارڈ کی کاپی اور ایک عدد موبائل فون (Q-Mobile گولڈن) برآمد ہوا۔
اس کے علاوہ زیرِ استعمال موٹر سائیکل نمبر KMG-8610 (ہائی اسپیڈ 125) کو چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ یہ تھانہ شاہ لطیف کی حدود سے مسروقہ ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم جان شیر کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی موجود ہے، جس میں مختلف تھانوں میں ڈکیتی، چوری، مزاحمت اور اسلحہ کے مقدمات درج ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ تفتیش کے دوران مزید انکشافات کی توقع ہے۔

