لاہور — پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے محفوظ بسنت کے کامیاب انعقاد پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور عوام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ثقافتی رنگوں کی بحالی اور لاہور کے سیاہ آسمان پر نیلے رنگ کی واپسی ایک یادگار لمحہ ہے، جو اہل قیادت اور عوام کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہے۔
کراچی کینٹ اسٹیشن پر ریلوے پولیس کی مثالی دیانتداری، لاوارث بیگ اصل ورثاء کے حوالے
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اہل لاہور نے محفوظ بسنت منا کر ایک مقصد کے لیے متحد ہو کر کام کرنے کی بہترین مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی دو سالہ مسلسل محنت سے فضا کو دھوئیں سے پاک کیا گیا اور پنجاب کے ہر شعبے میں آلودگی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے۔
سینئر وزیر کے مطابق صنعتوں، فیکٹریوں، بھٹوں، گاڑیوں، رکشوں، ہوٹلوں کے مالکان سمیت اہل پنجاب اور اہل لاہور نے بھرپور تعاون کیا، جس کے نتیجے میں فضائی معیار میں نمایاں بہتری آئی۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ایئر کوالٹی دراصل وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن اور اہل پنجاب کی مشترکہ محنت کا ثمر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فضائی معیار کی بہتری نے لاہور کو اس کی اصل پہچان واپس دلائی ہے، اور مریم نواز کی قیادت میں عوام کے تعاون سے پنجاب کو ہر شعبے میں ترقی اور کامیابی کی مثال بنایا جائے گا۔
