کراچی — فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کراچی ائرپورٹ پر غیر قانونی سفری منصوبے کی معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے تین مسافروں کو حراست میں لے لیا ہے۔
کراچی: ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کی کارروائی، موٹر سائیکل اسنیچر گرفتار
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق حراست میں لیے گئے مسافروں میں مزمل علی، محمد ارسلان اور محمد اویس شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں مسافروں نے اعتراف کیا کہ وہ غیر قانونی طور پر جنوبی افریقہ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
مزمل علی نے گجرات کے ایجنٹ نوید سے 18 لاکھ روپے کے عوض غیر قانونی سفری انتظامات کروائے، جبکہ محمد ارسلان اور محمد اویس نے ایجنٹ ندیم کو فی کس 3000 امریکی ڈالر ادا کیے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر ڈیڑھ ماہ تک تنزانیہ میں قیام کے بعد غیر قانونی طور پر زیمبیا داخل ہوئے اور بعد ازاں جنوبی افریقہ پہنچنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ تاہم زیمبیا حکام نے انہیں گرفتار کر کے واپس ڈی پورٹ کر دیا۔
ایف آئی اے نے مزید تحقیقات کے لیے تینوں مسافروں کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا ہے۔