کراچی (اسٹاف رپورٹر) — وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر زائرین کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرس کے دوران سیہون شریف اور ملحقہ علاقوں میں پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ تعیناتی یقینی بنائی جائے گی۔
ایس ایس پی انویسٹیگیشن ضلع ملیر ماجدہ پروین ہالیپوٹو نے چارج سنبھال لیا، دفتری امور کا باقاعدہ آغاز
وزیر داخلہ سندھ کے مطابق مزار کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کڑی نگرانی کی جائے گی، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اسنائفرز کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور انٹیلی جنس بنیادوں پر سرچ اور کومبنگ آپریشنز تیز کیے جائیں۔
ٹریفک کے حوالے سے خصوصی ٹریفک پلان نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں داخل و خارج ہونے والی گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کے لیے چیک پوسٹس قائم کی جائیں گی، زائرین کے لیے خصوصی پارکنگ پوائنٹس مختص ہوں گے اور مزار کے اطراف غیر ضروری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اداروں، ایمبولینس سروسز اور میڈیکل ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا، جبکہ ہوٹلوں، سرائے اور کرایہ داروں کے کوائف کی جانچ پڑتال کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ وزیر داخلہ سندھ نے زائرین سے اپیل کی کہ وہ سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔
