کراچی (6 فروری) — وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی ایکسپو سینٹر میں 21ویں ’’میرا کراچی – اتحاد کا مرکز‘‘ بین الاقوامی نمائش کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کاوشوں سے کراچی پہلے سے زیادہ محفوظ اور مستحکم ہو چکا ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
عرس لعل شہباز قلندرؒ پر فول پروف سیکیورٹی، سیہون شریف میں ہائی الرٹ نافذ: وزیر داخلہ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ’’میرا کراچی‘‘ نمائش کاروباری اعتماد، ثقافتی ہم آہنگی اور اجتماعی ترقی کی علامت بن چکی ہے، جو شہر اور ملک دونوں کے لیے مثبت پیغام ہے۔ انہوں نے تاجر برادری کے سابق رہنما مرحوم سراج قاسم تیلی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔
مراد علی شاہ نے کراچی کے معاشی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شہر قومی پیداوار میں تقریباً 25 فیصد اور سندھ کی معیشت میں تقریباً 90 فیصد حصہ ڈالتا ہے، جبکہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم شہر کی تجارتی اہمیت میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیح ہے کہ قومی برآمدات میں کراچی کا حصہ بڑھایا جائے، پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جائے اور برآمدی منڈیوں میں تنوع لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی کسی ایک ادارے یا طبقے کی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت، نجی شعبہ، سول سوسائٹی اور شہریوں کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت پالیسی شفافیت، کاروباری اعتماد کی بحالی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنائے گی تاکہ شہر کی پائیدار ترقی ممکن ہو سکے۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ سندھ نے نمائش کے منتظمین، تاجروں اور شرکاء کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ ’’میرا کراچی – اتحاد کا مرکز‘‘ شہر کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔
