کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں کیماڑی پاک کالونی پولیس اور ایک انتہائی خطرناک و مطلوب ملزم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں لیاری گروہ کا اہم کارندہ اور شوٹر ہلاک ہو گیا۔ ایس ایس پی کیماڑی امجد احمد شیخ کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت انوار عرف کوجک کے نام سے ہوئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، دو جھڑپوں میں 24 دہشتگرد ہلاک
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم سے پستول، رائفل اور گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔ انوار عرف کوجک بھتہ خور سرغنہ جمیل چھانگہ لیاری گروہ کا اہم کارندہ تھا اور وہ کراچی کے مختلف علاقوں میں جرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔
ریکارڈ کے مطابق ملزم 17 سے زائد سنگین نوعیت کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا، جن میں اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، دھماکہ خیز مواد، قتل، اقدامِ قتل، ڈکیتی، غیر قانونی اسلحہ، منشیات اور پولیس پر فائرنگ جیسے جرائم شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم تھانہ کلری، پاک کالونی اور ایس آئی یو سی میں بھی گرفتار ہو چکا تھا۔ مزید یہ کہ وہ تاجروں سے بھتہ طلبی میں ملوث رہا اور بھتے کی پرچیوں کے ساتھ گولیاں بھیجنے جیسے سنگین جرائم میں بھی ملوث تھا۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق ہلاک ملزم کا مزید مجرمانہ ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے جبکہ واقعے کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
