مظفرآباد — سربراہ پاک فوج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیر بہت جلد آزادی کی نئی صبح دیکھے گا، جو اہلِ کشمیر کی اجتماعی خواہش اور ان کا مقدر ہے۔
آرٹس کونسل کراچی میں یوم یکجہتی کشمیر پر تصویری نمائش، میئر کراچی اور سول و سیاسی شخصیات کی شرکت
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جموں و کشمیر یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور کشمیر تحریک کے شہداء کی بہادری اور بے لوث قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ممتاز شخصیات اور سابق فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کی ریاستی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکیں، بلکہ ہندوتوا پر مبنی پالیسیوں کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد مزید مضبوط ہوئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی فورمز پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں اٹھاتا رہے گا۔ فیلڈ مارشل نے مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل کی بھرپور حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز نے اگلی صفوں کا دورہ کیا، وہاں تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہا۔ انہوں نے آپریشنل تیاریوں اور ہر سطح پر ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی دشمنانہ اقدام کا فوری، مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ مشکل آپریشنل حالات کے باوجود فوج کا بلند حوصلہ قابلِ تحسین ہے اور پاکستان کی مسلح افواج روایتی اور ہائبرڈ دونوں طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
