کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی خصوصی ہدایت پر 02 تا 08 فروری 2026 تک جاری رہنے والی پولیو مہم کے دوران فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے جامع اور مؤثر سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق پولیو ٹیموں اور ورکرز کے تحفظ کے لیے مجموعی طور پر 7703 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جن میں لیڈی پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ تعیناتی کی تفصیلات کے مطابق ایسٹ زون سے 2724، ویسٹ زون سے 2908 جبکہ ساؤتھ زون سے 2071 اہلکار پولیو مہم کی سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔
پولیس چیف نے تمام زونل افسران کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سیکیورٹی انتظامات کی براہِ راست نگرانی کو یقینی بنائیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ پولیو مہم پُرامن اور کامیابی سے مکمل کی جا سکے۔
