کراچی (نمائندہ خصوصی) — ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم کی زیرِ سرپرستی پولیو ورکرز کی خدمات کے اعتراف میں ایک پروقار تقریبِ اعزاز منعقد کی گئی، جس میں پولیو کے خلاف قومی جدوجہد میں فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے پولیو ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ یہ تقریب نیشنل امیونائزیشن ڈیز (NID) فروری 2026 کی باضابطہ افتتاحی تقریب کے طور پر بھی منعقد کی گئی۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر روٹری انٹرنیشنل کرسٹین ایٹین تھیں، جنہوں نے پولیو ورکرز میں اعزازی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور ان کی انتھک محنت، قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیو کے عالمی خاتمے کے مشن میں روٹری انٹرنیشنل کے کردار پر روشنی ڈالی اور ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم کی مسلسل جدوجہد اور مثبت کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب حسامی (داودی بوہرہ) مسجد کمپلیکس، بلاک سی، نارتھ ناظم آباد میں منعقد ہوئی، جس میں روٹری انٹرنیشنل کے نمائندگان، ضلعی انتظامیہ، بوہرہ کمیونٹی کے معززین، ٹی ایم سی افسران، ڈی ایچ او ضلع وسطی، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر سائرہ، اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد، فوکل پرسن ظہیر احمد اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم نے کہا کہ پولیو ورکرز ہمارے اصل ہیرو ہیں جو مشکل ترین حالات میں بچوں کو موذی مرض سے محفوظ بنانے کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں، اور ان کی خدمات کا اعتراف ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع وسطی میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔
تقریب کا مقصد نہ صرف پولیو ورکرز کی حوصلہ افزائی کرنا تھا بلکہ عوام میں پولیو سے بچاؤ اور حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت سے متعلق شعور کو مزید مضبوط بنانا بھی تھا۔
