ایران کی پاسداران انقلاب فورس نے اعلان کیا ہے کہ وہ یکم اور 2 فروری کو آبنائے ہرمُز میں بحری مشقیں کرے گی۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور ایران پر ممکنہ امریکی حملے کے خدشات پائے جا رہے ہیں۔
یورپی یونین نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا
آبنائے ہرمُز دنیا کی سب سے اہم تیل برآمدی گزرگاہ ہے، جو سعودی عرب، ایران، عراق اور متحدہ عرب امارات کو خلیج عمان اور بحیرۂ عرب سے جوڑتی ہے۔ اس اہم سمندری پٹی کے ایک طرف امریکہ کے اتحادی عرب ممالک ہیں تو دوسری طرف ایران۔
امریکی صدر نے ایران کے حوالے سے دھمکی دی ہے کہ ایک بہت بڑا بحری بیڑا ایران کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کی قیادت طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن کر رہا ہے۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی امریکی حملے کا جواب فوری، جامع اور مؤثر ہوگا، تاہم مذاکرات کے لیے ایران صرف منصفانہ، متوازن اور دباؤ سے پاک شرائط پر تیار ہے۔
دوسری جانب، یورپی وزرائے خارجہ نے جمعرات کو ایران کی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔
