کراچی: تھانہ حیدری مارکیٹ کی حدود میں 19 جنوری کو شہری سے تقریباً 2 لاکھ 98 ہزار روپے کی مسلح ڈکیتی کے واقعے میں ملوث تین ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی ڈاکٹر مقصود احمد کا المصطفیٰ ہسپتال کا دورہ، تھیلیسیمیا کے بچوں سے ملاقات، سالگرہ منائی
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مطابق واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 35/2026 بجرم دفعات 392/397/34 ت پ تھانہ حیدری مارکیٹ میں درج کیا گیا تھا۔ مقدمے کے اندراج کے بعد پولیس نے جدید خطوط پر تفتیش کا آغاز کیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج اور ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
کامیاب کارروائی کے دوران تھانہ حیدری مارکیٹ پولیس نے تین ملزمان راحیل ولد یعقوب، عثمان ولد شہزاد اور ابوبکر ولد عبدالحق کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی جامع تلاشی کے دوران ایک عدد ضرب پسٹل 30 بور بمعہ دو راؤنڈ زندہ کارتوس اور 51 ہزار روپے نقد برآمد ہوئے۔ دورانِ ابتدائی انٹیروگیشن ملزمان نے انکشاف کیا کہ برآمد شدہ رقم ڈکیتی کے مقدمے میں چھینی گئی رقم کا حصہ ہے۔
برآمدگی پر ملزمان کے خلاف ایک اور مقدمہ الزام نمبر 50/2026 بجرم دفعہ 23(1)A بھی درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک عدد بلا نمبری موٹر سائیکل بھی برآمد کی، جس کے کاغذات پیش نہ کیے جا سکے، جس پر موٹر سائیکل کو قبضہ پولیس میں لے لیا گیا ہے۔
گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ پولیس دیگر سہولت کاروں اور وارداتوں کے حوالے سے بھی تحقیقات کر رہی ہے۔

