کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے گیٹس فاؤنڈیشن کے گلوبل صدر ڈاکٹر کرسٹوفر جے ایلیاس نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں صوبہ سندھ میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات، حکمتِ عملی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، سیکریٹری ٹو وزیراعلیٰ عبدالراحیم شیخ، سیکریٹری صحت جمشید میمن، کوآرڈینیٹر ای او سی شہریار میمن سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔ گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد میں صدر جینڈر ایکویلیٹی ڈویژن ڈاکٹر انیتا زیدی، ڈائریکٹر پولیو ڈاکٹر کیتھی نیوزل اور ڈپٹی ڈائریکٹر پولیو ڈاکٹر مائیکل گیلوے بھی شامل تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیو کے خلاف جدوجہد میں گیٹس فاؤنڈیشن کے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت منظم، مربوط اور مؤثر انداز میں پولیو کے خاتمے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم کی کوریج ریٹ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ صوبے میں انسداد پولیو مہم کو مزید بہتر اور مضبوط بنایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کے پولیو کے ماحولیاتی نمونے مثبت آئے ہیں، جس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے گئے ہیں، تاکہ وائرس کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی پولیو مہم 2 فروری سے 8 فروری تک جاری رہے گی، جو پہلے سے زیادہ متحرک، منظم اور نتائج خیز ہوگی۔
گیٹس فاؤنڈیشن کے گلوبل صدر ڈاکٹر کرسٹوفر جے ایلیاس نے سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن پولیو کے مکمل خاتمے تک اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت منظم انداز میں پولیو کے خلاف کام کر رہی ہے جو عالمی سطح پر ایک مثبت مثال ہے۔
ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے سندھ حکومت اور گیٹس فاؤنڈیشن باہمی اشتراک سے مربوط حکمتِ عملی کے تحت اقدامات جاری رکھیں گے۔
