کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سانحہ گل پلازہ کی عدالتی تحقیقات کے لیے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے۔ خط میں سانحہ کی شفاف، غیر جانبدار اور جامع تحقیقات کے لیے جوڈیشل انکوائری کمیشن کے قیام کی سفارش کی گئی ہے۔
سانحہ گل پلازہ: سندھ حکومت لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے، شفاف انکوائری کے تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے، سعید غنی
گورنر سندھ نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ سانحہ گل پلازہ ایک افسوسناک اور المناک واقعہ ہے جس میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں، لہٰذا اس واقعے کے تمام پہلوؤں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لینا ناگزیر ہے تاکہ ذمہ داران کا تعین ہو سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ وہ سانحہ گل پلازہ کے متاثرین اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے عدالتی تحقیقات ضروری ہیں۔
