اسلام آباد، 11 جنوری 26: پاک بحریہ کے جہاز راہ نورد، مددگار اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز کشمیر نے بیرون ملک تعیناتی کے دوران عمان کے پورٹ سلطان قابوس، مسقط کا دورہ کیا۔ بندرگاہ پہنچنے پر عمانی حکام کی جانب سے جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
کے ایم سی ڈویلپمنٹ پروجیکٹس میں مبینہ کرپشن، نیب کا میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدیقی کو نوٹس
دورے کے دوران مشن کمانڈر کموڈور عامر اقبال نے کمانڈنگ آفسرز کے ہمراہ عمان کی بحری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر رائل نیوی آف عمان کے قائم مقام کمانڈر، ڈی جی آپریشنز اینڈ پلانز، کمانڈر میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر، کمانڈر سید بن سلطان نیول بیس اور کمانڈنٹ سلطان قابوس نیول اکیڈمی سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، بحری افواج کے روابط اور میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔
بندرگاہ پر عمان کے عسکری حکام اور عام شہریوں کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان سکول مسقط کے طلباء نے بھی جہازوں کا دورہ کیا۔ رائل نیوی آف عمان کے آفسرز اور مڈ شپ مین نے پاک بحریہ کے جہازوں کا معائنہ کیا اور افسران کے ساتھ باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
دورے کے بعد پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہازوں نے رائل نیوی آف عمان کے جہاز خصب (KHASAB) کے ساتھ مشترکہ بحری مشق کی۔ اس مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور دوطرفہ بحری مشقوں کے ذریعے مشترکہ سیکھنے کے مواقع پیدا کرنا تھا۔
پاک بحریہ کے مطابق پاکستان اور عمان سمندری پڑوسی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان بحری تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ حکام کی ملاقاتیں، پورٹ کالز اور مشترکہ مشقیں باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہیں۔ اس دورے سے دونوں بحری افواج کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

