کراچی: ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول ونگ ڈسٹرکٹ ویسٹ نے مصدقہ خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے حب ریور روڈ پر واقع نارکوٹکس کنٹرول ونگ کی چیک پوسٹ پر مسافر بس سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔
کے الیکٹرک اور نیا ناظم آباد میں اشتراک، 132 کے وی جدید گرڈ اسٹیشن تعمیر کرنے کا فیصلہ
ترجمان کے مطابق کارروائی مورخہ 9 جنوری 2025 کو کی گئی، جس دوران ٹیم نے بس میں سوار ایک مسافر کے قبضے سے 4 کلو 800 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کی۔ ملزم نے منشیات انتہائی چالاکی سے اپنے جسم کے ساتھ چھپا رکھی تھی اور اسے کوئٹہ سے کراچی سپلائی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
نارکوٹکس کنٹرول ونگ کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا جبکہ برآمد شدہ منشیات کو تحویل میں لے لیا گیا۔ ملزم کے خلاف سندھ کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹینسز ایکٹ 2024 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے تفتیش کا عمل جاری ہے جبکہ منشیات کی سپلائی میں ملوث نیٹ ورک، سہولت کاروں اور دیگر شریک ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ایکسائز و نارکوٹکس کنٹرول ونگ کے اعلیٰ حکام نے کامیاب کارروائی پر ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیت، مستعدی اور بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں مزید تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
